
معروف گلوکار و اداکار علی گل پیر اور سوشل میڈیا صارفین کی پرزور فرمائش پر معروف ریسٹورنٹ چین مکڈونلڈز پاکستان نے بالآخر ‘انڈے والا برگر’ پیش کرنے کا اعلان کردیا۔
مکڈونلڈز پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹویٹر’ پر یکم اپریل سے اپنی تمام شاخوں پر ‘بن کباب’ پیش کیے جانے کا اعلان کیا۔
ساتھ ہی معروف ریسٹورنٹ کی جانب سے علی گل پیر کے لیے یہ کہتے ہوئے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی کہ ‘علی گل پیر، آپ نے سوشل میڈیا کو ہتھیار بنایا لیکن دیکھیں ہم نے پیار سے جواب دے کر آپ کو کیسے لاجواب کیا۔’
علی گل پیر نے ‘فیس بک’ پر پوسٹ ڈالتے ہوئے کہا کہ ‘یہ عوام کی طاقت ہے، ہم انڈے والا برگر چاہتے تھے اور مکڈونلڈز کو اب یہ پیش کرنا ہوگا۔’
انہوں نے اس چیلنج کو کامیابی سے پورا کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انڈے والا برگر تو ویسے بھی ہماری مقامی آبادی میں بہت مقبول ہے تاہم یہ اب تک کسی بڑے ریسٹورنٹ میں دستیاب نہیں۔
اس اہم نقطے کو اجاگر کرنے کے لیے علی گل پیر نے چند روز قبل ‘ٹوئٹر’ پر ایک ویڈیو جاری کی تھی۔
انہوں نے مختلف ریسٹورنٹس میں جاکر انڈے والے برگر کی فرمائش کی، تاہم انہیں کہیں بھی انڈے والا برگر نہیں ملا۔
ان کی اس ویڈیو کو دیکھ کر مکڈونلڈز پاکستان نے بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان سے انڈے والا برگر بنانے کا مشروط وعدہ کر لیا۔
مکڈونلڈز پاکستان کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں آپ ہمارے ساتھ مذاق کر رہے تھے، تاہم ہم نے آپ کی بات کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اگر آپ اتنے لوگ اکٹھے کرسکے جو ہم سے انڈے والے برگر کی فرمائش کریں تو آپ کو انڈے والا برگر مل جائے گا۔’
اس پیغام پر علی گل پیر نے جواب دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ میں اپنے دوستوں اور مداحوں سے انڈے والا برگر AndayWalaBurger# لکھ کر ٹویٹ کرنے پر اصرار کروں گا جس کی وجہ سے آپ کو اسے ڈیلیور کرنا پڑے گا ورنہ آپ میرے 1 ہزار مداحوں کو بگ میک کا واؤچر دیں گے۔
ان کے اس ٹویٹ کے بعد AndayWalaBurger# ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور کئی لوگوں نے علی گل پیر کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔